ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / وزیراعظم سمیت58کابینی وزراء کی حلف برداری امیت شاہ اور جئے شنکر سمیت 5لیڈر پہلی بار مرکزی وزراء میں شامل

وزیراعظم سمیت58کابینی وزراء کی حلف برداری امیت شاہ اور جئے شنکر سمیت 5لیڈر پہلی بار مرکزی وزراء میں شامل

Fri, 31 May 2019 11:57:37    S.O. News Service

نئی دہلی31/مئی(ایس او نیوز؍ایجنسی) راشٹرپتی بھون میں منعقد شانداراوراب تک کی سب سے بڑی تقریب کے دوران نریندر مودی نے دوسری بار وزیراعظم کی حیثیت سے حلف لیااور اس کے بعد راجناتھ سنگھ اور مودی کے سب سے قریبی ساتھی امیت شاہ کی بھی حلف برداری عمل میں آئی۔اس سے ایک بات تو واضح ہوگئی کہ مودی کے دوسرے ٹرم میں بھی راجناتھ سنگھ ہی دوسرے نمبر پررہیں گے جبکہ مودی کے سب سے قریبی ساتھی امیت شاہ سرکار چلانے میں مودی کے پیش پیش رہیں گے۔ تین سال خارجہ سکریٹری رہ چکے ایس جئے شنکر کو بھی کابینہ میں جگہ ملی ہے۔ اس طرح مودی سمیت 58 کابینی وزراء کو صدر جمہوریہ کے ذریعہ حلف لیا دلایا۔ان میں 24کابینی وزراء، 24وزرائے مملکت اور9/وزرائے مملکت (آزادانہ چارج) شامل ہیں۔مودی کی پہلی سرکار میں وزیر خارجہ رہ چکیں سشما سوراج کو وزیر نہیں بنایا گیا ہے۔ اس دوران نتیش کمار نے تین وزارتیں نہ ملنے کی وجہ سے ناراضی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ نئی سرکار کا حصہ نہیں بنیں گے۔ واضح رہے کہ 2014 میں 45وزراء کی حلف برداری عمل میں آئی تھی حالانکہ بعد میں وزراء کی تعداد71ہوگئی تھی۔ نتیش کمار نے کہاکہ وزیراعظم مودی جنتادل یو سے صرف ایک شخص کو وزارت میں شامل کرنا چاہتے تھے، اس لئے ہم نے واضح طور پر کہہ دیا کہ ہم مرکزی سرکار کا حصہ ہی نہیں ہیں۔لیکن این ڈی اے میں ہم پورے طور پر شامل ہیں ہمیں کوئی پریشانی نہیں ہے۔وہیں این ڈی اے کے اتحادی”اپنا دل“ نے بھی وزارت کا حصہ بننے سے انکار کردیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی دوسری حکومت میں ان کے کئی پرانے ساتھی ان کے ساتھ نہیں ہیں جو حلف برداری تقریب کے دوران چند سابق وزیر مہمانوں کے ساتھ بیٹھے نظر آئے۔ جن میں سشما سوراج، مینکا گاندھی، منوج سنہا، ستپال ملک، اوما بھارتی وغیرہ شامل ہیں۔نریندرمودی نے آج مسلسل دوسری بار وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیا۔ان کے ساتھ 24کابینی وزرا نے بھی حلف لیا۔ صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے راشٹر پتی بھون میں منعقد شاندار تقریب میں مسٹر مودی اور کابینی وزرا کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔کابینی وزیرکی حیثیت سے حلف لینے والوں میں مسٹر راج ناتھ سنگھ،امیت شاہ،نتن گڈکری،ڈی وی سدانند گوڈا،محترمہ نرملاسیتا رمن،رام ولاس پاسوان،نریندرسنگھ تومر،روی شنکر پرساد،محترمہ ہرسمرت کوربادل، تھاورچندگہلوٹ،ایس جے شنکر،رمیش پوکھریال نشنک،ارجن منڈا،اسمرتی ایرانی،ڈاکٹر ہرش وردھن،پرکاش جاوڈیکر،پیوش گوئل،دھرمیندر پردھان،مختار عباس نقوی،پرہلاد جوشی،ڈاکٹر مہیندرپانڈے،ڈاکٹر اروند ساونت،گری راج سنگھ اور گجیندر سنگھ شیخاوت شامل ہیں۔نامزد وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لینے سے قبل بابائے قوم مہاتما گاندھی، سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی اور ملک کی خاطر اپنی جاں نثار کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مسٹر مودی آج صبح سب سے پہلے بابائے قوم مہاتما گاندھی کی سمادھی راج گھاٹ پہنچے اور انہیں گلہائے عقیدت پیش کئے۔اس کے بعد مسٹر مودی سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی سمادھی‘ سدا اٹل’پر گئے اور سابق وزیر اعظم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) صدر امیت شاہ اور بی جے پی کے دیگر لیڈر بھی موجودہ تھے۔ واجپئی کی سمادھی پر خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد مسٹر مودی انڈیا گیٹ پر واقع نیشنل وار میموریل گئے اور ملک کی خاطر اپنی جاں نثار کرنے والے جانباز شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر بری فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت، بحریہ سربراہ ایڈمرل سنیل لامبا اور فضائیہ کے نائب سربراہ ایئر مارشل آر کے سنگھ بھدوریا بھی موجود تھے۔ سترہویں لوک سبھا کے انتخابی نتائج میں مسٹر مودی کی قیادت میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) نے 542 میں سے 353 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔جن میں اکیلے بی جے پی کو303نشستیں ملی ہیں۔


Share: